اصلاحِ احوال : اعظم کمبوہ



اصلاحِ احوال
انسان کی ہمیشہ یہی کوشش ہوتی ہے کہ دوسروں میں خامیاں ڈھونڈی جائیں جو کبھی کبھی ظاہر ہو جانے پر ہمارے اپنے لیے شرمندگی اور ندامت کا باعث بن جاتی ہیں۔
معاشرے میں رہتے ہوئے ہماری سب سے پہلی کوشش یہی ہوتی ہے کہ اپنے ہی کسی عزیز کو اپنے سے کم تر دکھایا جائے اور کسی طریقے سے اسے اس کے خاندان میں بدنام کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے تا کہ ہم دوسروں کی نظر میں اچھے تصور کیے جائیں اور اپنے سٹیٹس کو  اپ ٹو ڈیٹ رکھا جائے۔
اسی طرح اگر ہمیں دوستوں کی کسی محفل میں بیٹھنے کا موقع مل جائے تو وہاں بھی ہمارے کارنامے کسی سے کم نہیں ہوتے، وہاں بھی ہم اپنے ان دوستوں اور عزیزوں کے متعلق ایسی باتیں کر جاتے ہیں جن کا حقیقت سے کسی بھی قسم کا کوئی بھی تعلق نہیں ہوتا۔ جن کے ذریعے سے ہم محض یہ ثابت کرنا چاہ رہے ہوتے ہیں کہ ہمارے دوستوں کی دوسروں کی نظر میں اہمیت کم پڑ جائے اور وہ ان سے ہر قسم کے تعلق اور رشتے ناطے ختم کر دیں۔
بعض اوقات تو ہم اس حد تک پہنچ جاتے ہیں کہ دوسروں کا اپنی باتوں پر یقین پختہ کروا لیتے ہیں جس سے وہ ہماری باتوں میں آ جاتے ہیں اور ہماری باتوں پر یقین کر کے کہتے ہیں کہ ہم نے جو کہا ہے وہ سچ ہے اور سو فیصد سچ ہے لیکن حقیقت میں سو فیصد جھوٹ ہوتا ہے۔
کیا ہم نے کبھی سوچا کہ ہماری ان چھوٹی چھوٹی باتوں سے ناجانے ہر روز کتنے لوگوں کے تعلق ٹوٹتے ہوں گے؟ کتنے لوگ اپنے قریبی رشتے داروں سے دور ہو جاتے ہوں گے؟ کتنے لوگ اپنے خون کے رشتے توڑ ڈالتے ہوں گے؟ کتنے خاندان تباہ و  برباد  ہو جاتے ہوں گے؟ کتنے سہاگ ہماری باتوں کی زِد میں آ کر ہمیشہ ہمیشہ کے لیے اُجڑ جاتے ہوں گے؟ کتنے لوگوں کے روزگار ختم ہو جاتے ہوں گے؟ کتنے لوگ زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہوں گے؟ کتنے لال اپنی ماؤں سے جدا ہوجاتے ہوں گے؟
ان سب سے بچنے کے لیے ہمیں اپنی سوچ کو بدلنا ہو گا۔ دوسروں کے بارے میں اپنے خیالات کو بدلنا ہو گا۔ دوسروں پر تہمت لگانے سے پہلے سوچنا ہو گا کہ ہم خود کتنے سچے ہیں؟ 
جب تک ہم اپنی سوچ کو نہیں بدلتے تب تک ہمارا معاشرہ ایک پرسکون معاشرہ نہیں بن سکتا۔ ہمیں اپنے معاشرے کو ایک پُرسکون اور ماڈل معاشرہ بنانے کے لیے اپنی سوچ اور احوال کو بدلنا ہو گا تا کہ لوگوں کے اپنوں سے رشتے مظبوط بنیادوں پر قائم رہیں اور ماؤں کے لال ان کے پاس رہیں اور خاندان ہمیشہ آباد رہیں۔


اصلاحِ احوال : اعظم کمبوہ اصلاحِ احوال :  اعظم کمبوہ Reviewed by Azam Kamboh on January 10, 2019 Rating: 5

No comments:

ads 728x90 B
Powered by Blogger.